1,036

آئی سی سی آئی کے صدر کی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمیشنر سے ملاقات

اسلام آباد ( سی این پی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں ایک وفد نے ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سے ملاقات کی اور تعیناتی پر مبارک باد پیش کی۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشیداختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک، سابق صدر محمداعجاز عباسی، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سابق نائب صدر اشفاق چھٹہ، چیمبر کی پولیس کمیٹی کے کنوینر سیف الرحمٰن خان، چیمبر کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے کنوینر راجہ عبدالمجید، ایگزیکٹو ممبر فصیح اللہ خان، عرفان چوہدری اور دیگر شامل تھے۔




اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے چیمبر اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے اور امید ظاہر کی کہ ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد چیمبر کو اعتماد میں لے کر مسائل کے حل کیلئے تعاون کریں گے۔
ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے تاجر برادری کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے ان کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مارکیٹوں میں پرائس کنٹرول کیلئے کام کر رہی ہے اور کسی بھی شخص کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹروں میں مختلف پرائس کنٹرو ل لسٹیں جاری ہوتی ہیں جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں کسی بھی چیر کی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شادی ہالز کیلئے ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی کے احکامات جاری کئے ہیں اور امید ہے کہ تاجر برادری اس سلسلے میں تعاون کرے گی۔



فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے ہرممکن تعاون ہو گا اور امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ بھی بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے کر کام کرے گی۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے کہا کہ شادی ہالز کی بکنگ چھ ماہ پہلے ہوتی ہے لہذا فوری طور پر اوقات کار اور مینو پر پابندی کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پابندی لگانے سے پہلے متعلقہ ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے۔ دونوں جانب نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مل جل کر مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں