1,050

وزیراعظم عمران خان آج سی پیک کے ویسٹرن روٹ کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد (سی این پی )وزیراعظم عمران خان آج سی پیک کے ویسٹرن روٹ کا افتتاح کریں گے، 110 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 292کلومیٹر طویل موٹروےکی بدولت 8 گھنٹے کا سفر کم ہو کر 3 گھنٹے کا رہ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک منصوبے کے تحت ملک کی ایک اور طویل موٹروے کی تعمیر مکمل ہو گئی، وزیراعظم عمران خان قومی شاہراہ کا افتتاح کریں گے
۔



بتایا گیا ہے کہ سی پیک کے ویسٹرن روٹ ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک 292 کلومیٹر طویل موٹروے کا تعمیراتی کام کچھ روز قبل ہی مکمل کیا جا چکا، وزیراعظم کے ہاتھوں منصوبے کے افتتاح کے بعد 29 دسمبر سے یہ شاہراہ عام ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ 2016 میں شروع ہونے والے ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے منصوبے پر 110 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئی، 292 کلومیٹر طویل موٹروے کی بدولت ڈی آئی خان سے اسلام آباد تک کا فاصلہ اب 8 گھنٹوں کی بجائے محض 3 گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا۔




حکام کا کہنا ہے کہ اس موٹروے کو پہاڑوں اور دریائے سندھ کے دشوار گزار راستوں سے گزارنے اور اس کی بروقت تعمیر وتکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے۔ ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر 11 انٹرچینج36پل 33 فلائی اوورز اور 119 انڈرپاسز تعمیر کئے گئے ہیں۔ 4 لین پر مشتمل اس موٹروے کی آسان تعمیر کیلئے اسے پانچ پیکجز میں تشکیل دیا گیا۔ یہ موٹروے M-2 اسلام آباد پشاور موٹروے کے انٹرچینج ہکلہ سے شروع ہوکر قطبال فتح جنگ پنڈی گھیب ٹیرپ سکندرآباد، دائود خیل، عیسیٰ خیل اور عبدالخیل سے گزرتی ہوئی یارک کے قریب انڈس ہائی وے پر ختم ہوتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 292 کلومیٹر طویل موٹروے کی مزید تزئین و آرائش کی جائے گی جبکہ 6ریسٹ ایریاز کی تعمیر جلد مکمل ہو جائے گی، جہاں پر پٹرول پمپ، مسجد، ٹک شاپ، گاڑی کی مرمت ٹائروں کی فروخت، ریسٹورانٹ اور دوسری وہی سہولیات بن رہی ہیں جو لاہور اسلام آباد موٹروے کے ریسٹ ایریا میں موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں