1,103

پولیس اسٹیشن پر جگہ جگہ نسوار دیکھ کر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ برہم

پشاور (سی این پی ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا پولیس اسٹیشن پر چھاپہ، جگہ جگہ نسوار دیکھ کر برہم۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے تھانہ خان رازق شہید کا دورہ کیا تو تھانے میں صفائی کی صورتحال ابتر ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے تھانے میں جگہ جگہ نسوار کی گولیاں دیکھ کر تھانے میں موجود اہلکاروں کو جھاڑ پلا دی، جبکہ محرر اسٹاف کو معطل کردیا۔ محمود خان نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور حوالات سمیت تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اسٹیشن میں صفائی کی مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تھانے کی خستہ حالی پر کیپٹل سٹی پولیس کے سربراہ سے تین دنوں میں رپورٹ طلب کر لی۔




مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے اچانک دوروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرتے ہوئے پشاور شہر کے مختلف علاقوں اور سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول تحصیل سٹی آفس کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل سٹی آفس میں قائم سروس ڈیلیوری سنٹر، رجسٹرار آفس سمیت دیگر دفاتر کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں پر فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان سے تحصیل آفس سے جڑے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل سٹی آفس میں صفائی اور خدمات کی فراہمی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفتر کی ناگفتہ بہہ صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ زمینوں کے انتقالات، فرد کے اجراء اور دیگر خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ دو پٹواریوں کو معطل کرنے جبکہ ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ رجسٹرار کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔



اس موقع پر انہوں نے فیس جمع کرنے کے سلسلے میں لوگوں کی سہولت کے لئے صوبے بھر کے تمام سروس ڈیلیوری سنٹر ز میں بینک آف خیبر کی برانچز کھولنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نے سائلین کی شکایات پر زمینوں کے انتقالات، فرد، رجسٹریشن ، خانہ کاشت اور دیگر جملہ مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے اور سروس ڈیلیوری سنٹرز میں خدمات و سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر اور عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کا خصوصی اجلاس طلب کرلیاہے۔
انہوں نے تحصیل آفس اور سروس ڈیلیوری سنٹر کے عملے کو زمینوں کے انتقالات، فرد، رجسٹریشن سمیت دیگر تمام خدمات کی مقررہ وقت کے اندر فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ عوام کو ان خدمات کی بروقت فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی صورت میں متعلقہ عملے کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے خیبربازار، قصہ خوانی بازار، چوک یادگار اور دیگر علاقوں کابھی دورہ کیا۔



مذکورہ علاقوں میں صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی مجموعی صورتحال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال کے بارے میں سیکرٹری بلدیات جبکہ بے ہنگم ٹریفک کے معاملے پر ایس ایس پی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی۔ اس دوران وزیراعلیٰ عوام میں گھل مل گئے، شہریوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں