1,054

چکوال تھانہ نیلہ نئی عمارت میں منتقل – افتتاح کردیا

چکوال (سی این پی )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ تھانوں کے امور میں بہتری کیلئے سپر وائزری افسران کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے، تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اپنے زیر انتظام تھانوں کے پیشہ ورانہ امور موثر سپرویژن سے بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ آپریشنز کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن ونگ کو یکساں وسائل اور سہولیات فراہم کی جائیں اور تھانوں میں متعین نفری کی تعدادمیں اضافہ اور بیٹ سسٹم کو فعال رکھا جائے۔




راؤ سردار علی خان نے کہاکہ تھانوں سے پرچی، سفارش اور ٹاؤٹ کلچر کا خاتمہ کیا جائے جبکہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر ذمہ داران کے خلاف زیرو ٹالرینس اپنائی جائے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران کا کام فیلڈ میں ہے ہمیں اپنی پرفارمنس سے شہریوں کی خدمت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کوہدایت کی کہ وہ تھانوں کی انسپکشنز کو معمول بنائیں اور دوران انسپکشن تمام سیکشنز کی ورکنگ کا بغورجائزہ لیں، آئی جی پنجا ب نے تاکید کی کہ زیر حراست ملزمان پر تشدد یا ہلاکت کا کوئی واقعہ قابل قبول نہیں، جہاں کہیں ایسا ناخوشگوار واقعہ سامنے آیا وہاں ذمہ داران کے ساتھ ساتھ سپر وائزری افسران کو بھی جواب دینا ہوگا۔ یہ احکامات انہوں نے آج چکوال میں تھانہ نیلہ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔




آئی جی پنجاب نے تھانہ نیلہ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور پبلک سروس ڈلیوری کوبہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تھانے میں آنیو الے تمام شہریوں سے حسن اخلاق سے پیش آتے ہوئے انکے مسائل کے حل میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ میں نے صوبے کے تمام اضلاع کے تھانوں کے دوروں کا آغاز کردیاہے اور میرا مقصد سروس ڈلیوری کی فراہمی کو شہریوں کیلئے مزید آسان اور فاسٹ ٹریک بنانا ہے۔ آئی جی پنجا ب نے تاکید کی کہ ایف آئی آر کے اندراج میں کوئی تاخیر قابل برداشت نہیں،مقدمات کے بروقت اندراج کے ساتھ ساتھ انہیں بروقت حل کرنے کیلئے انویسٹی گیشن کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او چکوال نے آئی جی پنجاب کو امن وامان کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ڈی پی او چکوال نے بتایا کہ تھانہ نیلہ کی پرانی عمارت1892میں تعمیر ہوئی جو مین شاہراہ سے دور تھی اوراب شہریوں کی سہولت اور آسان رسائی کیلئے تھانہ نیلہ کی نئی عمارت چکوال – اٹک مین جی ٹی روڈ پرتعمیر کی گئی ہے۔
٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں