1,049

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل

راولپنڈی( ریحان احمد ) وفاقی وزارت داخلہ نے پیر کے روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک سے پاکستان واپس لانے کے کیس میں ضمانتی تھے لیکن انھوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور اب نیب کی سفارشات کی بنیاد پر حکومت نے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا ہے۔




انھوں نے استفسار کیا کہ ایسے حالات میں شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے جبکہ اُن کے خلاف سات ارب روپے کے آمدن سے زیادہ اثاثوں کا کیس چل رہا ہے اور اس مقدمے میں شریک دیگر نو ملزمان کو پہلے ہی ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔




وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس سے کچھ دیر قبل ہی وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے دی گئی منظوری کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب احتلاف میاں شہباز شریف کے خلاف اثانہ جات ریفرنس میں ضمانت منظور کر لی تھی۔ یہ ریفرنس موجودہ حکومت نے دائر کیا تھا اور حکومت کا دعویٰ تھا کہ ان کے پاس شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں تاہم عدالت نے اس ضمن میں پیش کیے گیے شواہد کو تسلم نہ کرتے ہوئے ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں