1,144

فرنیچر برآمدات کو فروغ دینے کیلئے حکومت اہم شہروں میں فرنیچر سٹی قائم کرے۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد ( سی این پی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے آر ایف ایونٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے اسلام آباد میں ایک تین روزہ فرنیچر ایکسپو کا انعقاد کیا جو 19 فروری سے 21فروری تک میجسٹک بینکوٹ کلب روڈ، اسلام آباد میں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک جاری رہے گی۔ ایکسپو میں رعائتی قیمت پر خطے کی مختلف قسم کی فرنیچر اور انٹیرئیر مصنوعات صارفین کو پیش کی جارہی ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے بطور مہمان خصوصی فرنیچر ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔




اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ فرنیچر کی گلوبل مارکیٹ تقریبا 500 ارب ڈالر سے زائد ہے لیکن اس میں پاکستان کا حصہ بالکل معمولی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت فرنیچر مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کو بیرونی ممالک میں مصنوعات کی نمائشوں کا انعقاد کرنے میں بھرپور معاونت فراہم کرے تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کی فرنیچر مصنوعات کو متعارف کرا کر ان کی برآمدات میں بہتر اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان کے سفارتخانوں پر بھی زور دیا کہ وہ بیرونی ممالک میں پاکستان کی فرنیچر مصنوعات کی مانگ کے بارے میں معلومات حاصل کر کے چیمبر آف کامرس کے ساتھ شیئر کریں تا کہ برآمدات کے ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر شعبے کو جدید ٹیکنالوجی اور مشینری حاصل کرنے اور اور زیادہ ہنر مند کارکن تیار کرنے کے لئے مزید تربیتی مراکز کی ضرورت ہے لہذا حکومت اس سلسلے میں اس شعبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے۔




سردار یاسر الیاس خان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کے بڑے شہروں میں فرنیچر سٹی کے قائم کرنے کی کوشش کریں جس سے اس شعبے کو بہتر ترقی ملے گی اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں فرنیچر شاپس، شو رومز اور ورکشاپس کو Tier-1 کٹیگری کی رجسٹریشن سے مستثنیٰ کرے کیونکہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 2، سب سیکشن 43A کا اطلاق ان کاروباری اداروں پر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر فرنیچر شعبے کے اہم مسائل کو حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گا تاکہ یہ شعبہ برآمدات کو فروغ دینے میں مزید موثر کردار ادا کر سکے۔
آر ایف ایونٹس پرائیوٹ لمیٹڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نازش فیصل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرنیچر ایکسپور کے انعقاد میں تعاون کرنے پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی مارکیٹیں تلاش کر کے فرنیچر مصنوعات کی برآمدات کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کہا حکومت فرنیچر شعبے کے اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جس سے یہ شعبہ برآمدت کو فروغ دینے اور معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں