1,049

اسلام آباد کو ایک ماڈل سٹی کے طور پر ترقی دی جائے۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد ( سی این پی ) اسلام آباد سٹیزن کمیٹی (آئی سی سی) کے ایک وفد نے صدر ایس ایم صدیق حسن کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور وفاقی دارالحکومت کی بہتر ترقی کے امور پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ آئی سی سی کے نائب صدر شفیق صدیقی ، سیکرٹری جنرل شمس الحق اعوان ، سیکرٹری خزانہ اعجاز کلیم اشرف، انفارمیشن سیکرٹری چوہدری طاہر محمود اور آئی ٹی سیکرٹری علی احمد فاروقی وفد میں شامل تھے۔ چیمبر کے نائب صدر عبد الرحمن خان، خالد چوہدری، میاں رمضان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔




وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ شہر دنیا بھر کے ممالک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو ایک ماڈل سٹی کے طور پر ترقی دینے کی کوشش کرے جس سے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور شہریوں کو سازگار ماحول فراہم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک کے وفاقی دارالحکومت بہتر ترقی کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں کا مرکزبنے ہوئے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے بھی پاکستان کے وفاقی دارالحکومت کے انفراسٹریچکر کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کی تمام سڑکوں کی کارپٹنگ جلد مکمل کی جائے، فٹ پاتھوں کی مرمت کی جائے، مارکیٹوں میں پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے، تمام خراب سٹریٹ لائٹس کو جلد بحال کیا جائے، کمرشل اور صنعتی علاقوں میں فلٹریشن پلانٹ نصب کئے جائیں اور عوامی بیت الخلاء تعمیر کئے جائیں تا کہ وفاقی دارالحکومت میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی اسلام آباد میں مزید پبلک پارک اور پلے گرائونڈز تعمیر کرنے پر توجہ دیں جس سے شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم ہو گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اسلام آباد سٹیزن کمیٹی کے ساتھ مل کر اسلام آباد شہر کی بہتر ترقی کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔




اسلام آباد سٹیزن کمیٹی کے صدر ایس ایم صدیق حسن نے اس موقع پر اپنی کمیٹی کے کردار اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مسائل کو بہتر طور پر حل کرانے کیلئے اسلام آباد کے شہریوں نے 1977 میں اسلام آباد سٹیزن کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ یہ ایسوسی ایشن متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کے ذریعے ان کی مشکلات اور مسائل کو حل کرائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اور سٹیزن کمیٹی کے مقاصد مشترک ہیں کیونکہ دونوں اسلام آباد کی بہتر ترقی چاہتے ہیں اور شہریوں کے مسائل کا جلد حل چاہتے ہیں لہذا دونوں کے مابین قریبی تعاون کو فروغ دے کر ان مقاصد کو بہتر طور پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اور سٹیزن کمیٹی کی مشترکہ آواز تاجر برادری اور شہریوں کے اہم مسائل حل کرانے میں کافی معاون ثابت ہوگی۔
چیمبر کے نائب صدر عبدالرحمن خان ، اسلام آباد سٹیزن کمیٹی کے سیکرٹری جنرل شمس الحق اعوان ، انفارمیشن سیکرٹری چوہدری طاہر محمود، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کاروباری برادری و شہریوں کے مشترکہ مسائل کو حل کرانے کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں